پنجاب حکومت وفاق کو 570 ارب روپے کی بڑی مالیاتی رعایت دینے پر تیار

پنجاب حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ خدوخال کو حتمی شکل دے دی ہے جب کہ پنجاب حکومت وفاق کو 570 اروب روپے کی بڑی مالیاتی رعایت دینے پر آمادگی ظاہر کررہی ہے۔

ذرائع پنجاب اسمبلی کے مطابق پنجاب حکومت وفاقی حکومت کو مالیاتی رعایت دینے پر تیار ہے اور صوبے کی جانب سے وفاق کو 570 ارب روپے تک کی مالیاتی رعایت دی جاسکتی ہے، جس سے وفاقی حکومت کو مالیاتی خسارہ کم کرنے اور آئی ایم ایف اہداف پورے کرنے میں مدد ملے گی۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت قابل تقسیم محاصل کی مد میں 3793 ارب 70 کروڑ روپے ملنے کا تخمینہ ہے جب کہ پنجاب حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کے خدوخال کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کے مطابق مجموعی بجٹ کا حجم 5131 ارب روپے ہوگا۔

بجٹ تجاویز کے تحت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ وفاقی حکومت کے فیصلوں کے مطابق کیا جائے گا جب کہ صوبائی محصولات سے 1330 ارب روپے آمدن متوقع ہے۔

بجٹ میں مختلف مدات کے لیے رقوم مختص کی گئی ہیں، جن میں تنخواہوں کے لیے 650 ارب، پنشن کے لیے 505 ارب 80 کروڑ، پنجاب فنانس کمیشن کے لیے 800 ارب اور سماجی تحفظ کے لیے 25 ارب روپے شامل ہیں۔

اسی طرح ستھرا پنجاب پروگرام کے لیے 150 ارب روپے، آپریشنل اخراجات کے لیے 580 ارب 20 کروڑ اور سرمایہ کاری کے دیگر پروگراموں کے لیے 221 ارب 90 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بیرونی معاونت سے جاری منصوبوں کے لیے 54 ارب روپے جب کہ ترقیاتی و سرمایہ جاتی اخراجات کے لیے 570 ارب روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے جب کہ پنجاب کے مجموعی اخراجات 3569 ارب 60 کروڑ روپے تک جانے کی تجویز ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles