
کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک درجہ حرارت میں نمایاں کمی کے امکانات کو رد کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم مجموعی طور پر گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج سے 12 جون تک شہر میں شدید گرمی کی پیش گوئی کی تھی۔
اُدھر خیبر پختونخوا میں بھی موسم کی صورت حال گرم اور خشک رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔
پشاور میں موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سوات، شانگلہ، دیر اور کوہستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ بٹگرام اور مانسہرہ میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بارش متوقع ہے۔ تیمرگرہ میں 19 ملی میٹر جبکہ پٹن میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
کالام میں درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دیر میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت سبّی میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح دادو، جیکب آباد 48، تربت ، موہنجو داڑو 47، سکھر ، نوابشاہ، ڈیرہ غازی خان46، ملتان، بہاولپور 45، لاہور 43، پشاور 42، اسلام آباد، مظفر آباد 40، کراچی اور کوئٹہ 37 سمیت گلگت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔