
کویت کی وزارتِ داخلہ نے پبلک اتھارٹی فار مین پاور اور وزارت کے آئی ٹی سیکٹر کے تعاون سے ایک نئی ڈیجیٹل سروس متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے شہری اور غیر ملکی رہائشی گھریلو ملازمین اور ڈرائیوروں سے متعلق مختلف خدمات آن لائن حاصل کر سکیں گے۔ یہ سہولت حکومت کی متحدہ ایپلی کیشن ”سہل“ کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔
کویتی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اقدام سرکاری خدمات کو ڈیجیٹل بنانے کی وسیع حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔ وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ نئی سروس کا مقصد بھرتی کے عمل کو آسان بنانا، رہائشی امور سے متعلق خدمات کو تیز تر بنانا اور سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت کو کم کرنا ہے۔
اس نظام کے تحت درخواست دہندگان مختلف خدمات اور درخواستیں آن لائن مکمل کر سکیں گے، جس سے وقت کی بچت اور انتظامی کارکردگی میں بہتری متوقع ہے۔
وزارت نے اس موقع پر گھریلو ملازمین اور ڈرائیوروں کی کفالت سے متعلق نئے قواعد بھی جاری کیے ہیں۔ نئے ضوابط کے مطابق غیر شادی شدہ خواتین صرف ایک گھریلو ملازمہ یا گھریلو کارکن کی کفالت کر سکیں گی۔ شادی شدہ، مطلقہ یا بیوہ خواتین جن کے بچے ہوں، وہ ایک گھریلو ملازم اور ایک ڈرائیور کی کفالت کی اہل ہوں گی۔
اسی طرح شادی شدہ، مطلقہ یا وہ مرد جن کی اہلیہ وفات پا چکی ہو، جو اپنے خاندان کے ساتھ رہتے ہیں، زیادہ سے زیادہ تین گھریلو ملازمین اور ایک ڈرائیور کی کفالت کر سکیں گے۔ دوسری جانب غیر شادی شدہ مردوں کو صرف ایک ڈرائیور کی کفالت کی اجازت دی گئی ہے۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق ان تبدیلیوں کا مقصد گھریلو شعبے میں افرادی قوت کے استعمال کو بہتر انداز میں منظم کرنا، خدمات کے غلط استعمال کی روک تھام کرنا اور سرکاری ڈیجیٹل نظام میں شفافیت اور بہتر نگرانی کو فروغ دینا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے قواعد اور آن لائن سروسز سے سرکاری معاملات مزید منظم اور آسان ہوں گے، جبکہ درخواستوں کی جانچ اور منظوری کے عمل میں بھی بہتری آئے گی۔