
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں توانائی بچت اقدامات کے تحت کاروباری سرگرمیوں کے اوقات محدود کر دیے گئے ہیں، جس کے تحت مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے نئے اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جو آج سے نافذ العمل ہوگا۔
ضلعی مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کیے جائیں گے، جبکہ ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس اور تندور رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کریانہ اسٹورز، سبزی و پھل کی دکانیں اور بیکری شاپس بھی رات 10 بجے بند ہوں گی، جبکہ شادی ہالز اور مارکیز کو بھی رات 10 بجے تک تقریبات ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق فارمیسیز، اسپتال، میڈیکل لیبارٹریز اور میڈیکل اسٹورز کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز اور دودھ و ڈیری شاپس پر بھی نئے اوقات کار لاگو نہیں ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز معمول کے مطابق جاری رہیں گی، جبکہ جم، پیڈل کورٹس اور دیگر اسپورٹس سہولیات بھی پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گی۔
آئی ٹی کمپنیوں اور کال سینٹرز کو بھی معمول کے مطابق کام جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات توانائی کے مؤثر استعمال اور بجلی کی بچت کیلئے کیے گئے ہیں، جبکہ یہ نوٹیفکیشن اگلے احکامات تک مؤثر رہے گا۔