جاپان کے کنوینینس اسٹورز کے بانی 93 برس کی عمر میں چل بسے

جاپان کے معروف بزنس مین، سیون الیون جاپان کے بانی اور ملک میں کنوینینس اسٹور انڈسٹری کے ’بانی‘ کے طور پر جانے جانے والے توشیفومی سوزوکی 18 مئی کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث 93 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں، جس کی تصدیق جاپان کی ری ٹیل کمپنی سیون اینڈ آئی ہولڈنگز کی جانب سے پیر کے روز کی گئی ہے۔

رائٹرز کے مطابق توشیفومی سوزوکی 1932 میں جاپان کے صوبے ناگانو میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1963 میں ریٹیل کمپنی آئی ٹی او یوکاڈومیں شمولیت اختیار کی، اس سے قبل وہ ایک بک ہول سیلر کے ساتھ کام کر چکے تھے۔

انہوں نے اُس وقت کے شکوک و شبہات کے باوجود امریکی کمپنی ساؤتھ لینڈ کارپوریشن جو سیون الیون کی آپریٹر تھی، کے ساتھ شراکت قائم کی اور 1973 میں سیون الیون جاپان کی بنیاد رکھی تھی، جس کے بعد اگلے برس ٹوکیو میں پہلا اسٹور کھولا گیا تھا۔

سوزوکی کو اس ماڈل میں جدت متعارف کرانے کا کریڈٹ جاتا ہے، جس میں ڈیٹا کے ذریعے اسٹاک اور اشیاء کی طلب کے مطابق انتظام کیا جاتا تھا۔ انہوں نے ریڈی ٹو ایٹ کھانوں اور تیز رفتار انوینٹری ٹرن اوور پر مبنی بزنس ماڈل تیار کیا، جس نے جاپان میں کنوینینس اسٹورز کو ریٹیل انڈسٹری کا اہم ستون بنا دیا۔

1990 کی دہائی کے آغاز میں انہوں نے ساؤتھ لینڈ کی تنظیمِ نو اور مالی بحران سے نجات میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا، جب سیون الیون کی پیرنٹ کمپنی نے لیوریجڈ بائ آؤٹ کے باعث بھاری قرضوں کی وجہ سے دیوالیہ پن کا سامنا کیا تھا۔

بعد ازاں انہوں نے 2005 میں سیون اینڈ آئی ہولڈنگز قائم کی اور اسے ایک بڑے ریٹیل گروپ میں تبدیل کرنے کی نگرانی کی۔

توشیفومی سوزوکی 2016 میں ایک انتظامی تنازع کے بعد چیئرمین کے عہدے سے دستبردار ہو گئے تھے، تاہم اس کے باوجود وہ جاپان کی ریٹیل انڈسٹری میں ایک بااثر شخصیت کے طور پر سرگرم رہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles