
ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور امن معاہدے کے حوالے سے پاکستان کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران میں موجود ہیں اور ان کی ایرانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں جاری ہیں۔ رائٹرز کے بعد قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے بھی قطری وفد کی جمعے کو تہران کے دورے کی تصدیق کی ہے۔
ہفتے کے روز امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں خطے کی بڑھتی ہوئی کشیدگی اور پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی ہے۔
گزشتہ روز رائٹرز نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کے بعد قطر کا وفد بھی تہران پہنچ چکا ہے، جس کے بعد قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے بھی ذرائع کے حوالے سے قطری وفد کے تہران کے دورے کی تصدیق کی ہے۔
قطر کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور حالیہ سفارتی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں تناؤ کم کرنے اور استحکام برقرار رکھنے کی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا، جب کہ اس دوران خاص طور پر پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی ثالثی پر بھی گفتگو ہوئی۔
گفتگو میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ موجودہ تنازعات کے حل کے لیے مسلسل مذاکرات ناگزیر ہیں۔ دونوں فریقوں نے سمندری راستوں کے تحفظ، اہم آبی گزرگاہوں کی سلامتی اور عالمی توانائی و سپلائی چین کے استحکام کو بھی اہم قرار دیا۔
قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق امیرِ قطر نے اس موقع پر تنازعات کے پُرامن حل کے لیے قطر کے عزم کا اعادہ کیا اور سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار بھی کیا۔