بجلی بل پر کیو آر کوڈ کی آڑ میں صارفین کی معلومات چوری ہونے کا خدشہ

پاور ڈویژن نے بجلی بل پر کیو آر کوڈ کی آڑ میں صارفین کی معلومات چوری ہونے کے خدشے کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

بجلی کے صارفین کے لیے حکومتی سبسڈی اسکیم کی آڑ میں سائبر ہیکرز اور جرائم پیشہ عناصر سرگرم ہو گئے ہیں۔ بجلی بل پر کیو آر کوڈ کی آڑ میں صارفین کی معلومات چوری ہونے کا خدشہ ہے جب کہ ترجمان پاور ڈویژن نے صارفین کے لیے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق صارفین کو ایک خاص لنک پر کلک کرکے 4 مراحل میں معلومات شیئر کرنے کا کہا جاتا ہے، صارفین کو معلومات درج کرنے کے بعد اسی لنک پر 6 ہندسوں والا کوڈ (او ٹی پی) درج کرنے کا کہا جاتا ہے، جس کے بعد ہیکرز صارف کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر لیتے ہیں۔

پاور ڈویژن کے ترجمان نے واضح کیا کہ ڈیٹا اکٹھا کرنے کا یہ طریقہ کار بالکل غلط، جعلی اور غیر قانونی ہے، بعض عناصر کیو آر کوڈ استعمال کرکے مزموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ بجلی کے اصل بل کے علاوہ صارفین کی متعلقہ معلومات کسی بھی دوسرے پلیٹ فارم، ویب سائٹ یا فارم پر درج نہیں ہو سکتیں اور نہ ہی حکومت ایسا کوئی ڈیٹا مانگ رہی ہے، معلومات کے اندراج کا یہ طریقہ کار غلط اور غیرقانونی ہے۔

پاور ڈویژن نے بجلی کے تمام صارفین کو سخت تاکید کرتے ہوئے کہا کہ صارفین بجلی بلوں پر سبسڈی حاصل کرنے کے لیے کسی بھی غیر تصدیق شدہ ڈیجیٹل لنک، کیو آر کوڈ، ویب سائٹ یا کسی کاغذ پر اپنی ذاتی معلومات ہرگز درج نہ کریں۔

ترجمان نے بتایا کہ جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں (ایف آئی اے/سائبر کرائم ونگ) کو باقاعدہ طور پر آگاہ کردیا گیا ہے تاکہ ان کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles