انسٹا گرام اپنے صارفین کے لیے ایک اور دلچسپ اور کارآمد فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے تحت اب ملٹی فوٹو یا ویڈیو پوسٹس میں شامل ہر تصویر یا ویڈیو کے ساتھ الگ کیپشن تحریر کیا جا سکے گا۔
اس نئے فیچر کی آزمائش فی الحال محدود صارفین میں کی جا رہی ہے اور اس کا مقصد پوسٹس کو مزید معلوماتی، واضح اور دلکش بنانا ہے۔
رپورٹس کے مطابق انسٹا گرام کے کمپوزر میں ایک نیا پاپ اَپ میسج ظاہر ہو رہا ہے، جس میں صارفین کو بتایا جاتا ہے کہ وہ پوسٹ میں شامل ہر فوٹو یا ویڈیو کے ساتھ علیحدہ کیپشن شامل کر سکتے ہیں۔

اس وقت انسٹا گرام پر اگر کوئی صارف متعدد تصاویر یا ویڈیوز پر مشتمل پوسٹ شیئر کرتا ہے تو اس کے لیے صرف ایک ہی مشترکہ کیپشن لکھنے کی سہولت موجود ہے، تاہم ’نئے فیچر‘ کے بعد ہر تصویر یا ویڈیو کو الگ انداز میں بیان کیا جا سکے گا۔
یہ تبدیلی خاص طور پر اُن صارفین کے لیے مفید ثابت ہوگی جو ٹریول، فوڈ، فیشن، ایجوکیشن یا وی لاگز جیسا مواد شیئر کرتے ہیں، کیونکہ اب وہ ہر تصویر یا کلپ کے بارے میں الگ معلومات، تفصیل یا پس منظر بیان کر سکیں گے۔ اس کے نتیجے میں ناظرین کو پوسٹ کو بہتر انداز میں سمجھنے اور ہر تصویر یا ویڈیو سے متعلق مکمل معلومات حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
حالیہ برسوں میں انسٹا گرام پر ملٹی فوٹو اور ویڈیو پوسٹس کا استعمال تیزی سے بڑھا ہے۔ 2024 میں انسٹا گرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے کہا تھا کہ ایسی پوسٹس صارفین کی رسائی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کے مطابق ایک سے زیادہ تصاویر یا ویڈیوز والی پوسٹس پر لوگ زیادہ وقت گزارتے ہیں، جس سے مواد کی انگیجمنٹ میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ مارچ 2025 میں انسٹا گرام نے ایک اور نمایاں فیچر متعارف کرایا تھا، جس کے ذریعے صارفین پوسٹ شائع کرنے کے بعد بھی تصاویر یا ویڈیوز کی ترتیب تبدیل کر سکتے ہیں۔ اب ہر تصویر یا ویڈیو کے لیے الگ کیپشن شامل کرنے کا نیا فیچر اس سہولت کو مزید مؤثر اور مفید بنا دے گا۔
انسٹا گرام انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ فیچر ابھی آزمائشی مرحلے میں ہے اور محدود صارفین کو دستیاب ہے، تاہم کامیاب نتائج کے بعد اسے دنیا بھر کے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔