
پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں صوبائی اسمبلی کے رکن کرنل ریٹائرڈ ایوب خان گادھی کے ڈیرے پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ ایم پی اے ایوب گادھی سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ آئی جی پنجاب نے فوری نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں رکنِ صوبائی اسمبلی کرنل ریٹائرڈ ایوب خان گادھی کے ڈیرے پر نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ایم پی اے ایوب گادھی سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
واقعے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے ایم پی اے کرنل ریٹائرڈ ایوب خان گادھی کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ سے سروسز اسپتال لاہور منتقل کیا جا رہا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا گیا۔
آئی جی پنجاب نے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔
آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا بھی ٹوبہ ٹیک سنگھ اسپتال پہنچ گئے، جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور واقعے سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر آر پی او فیصل آباد کا کہنا تھا کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
دوسری جانب ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق تارڑ کو واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا گیا ہے جبکہ پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کررہی ہے۔