امریکا سے مذاکرات: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی ایک بار پھر اسلام آباد پہنچ گئے


پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی کاوشوں کا سلسلہ جاری ہے، ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی عمان کے دارالحکومت مسقط کا دورہ کرنے کے بعد ایک بار پھر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ مسقط سے اسلام آباد پہنچے ہیں جب کہ مذاکرات کے لیے تہران سے ایرانی وفد بھی اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ عباس عراقچی پاکستانی قیادت کے ساتھ دوبارہ دوطرفہ ملاقات کریں گے۔
اس موقع پر عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ تہران بھی جنگ ختم کرنے کے لیے سفارتی سطح پر کاوشیں کررہا ہے۔
ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی مسقط سے روس جانے کے بجائے واپس اسلام آباد آئے ہیں اور اب وہ کچھ گھنٹوں بعد روس کے دارالحکومت ماسکو کے لیے روانہ ہوں گے۔
خبر ایجنسی کے مطابق پاکستان آنے سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سعودی ہم منصب شہزاد فیصل بن فرحان السعود سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں انہوں نے سعودی وزیرخارجہ کو جنگ بندی کے لیے سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا۔
اس سے قبل ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں سیاسی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں خطے کی مجموعی صورت حال اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس دورے سے قبل ایرانی وفد نے اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کی تھیں، جن میں خطے کی سیکیورٹی اور بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا تھا، جس میں تقریباً پچاس منٹ تک دوطرفہ امور اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اہم بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ نیوکلیئر ہتھیار نہ بنانے پر بات چیت جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران نے معاہدے کے لیے ایک ابتدائی دستاویز پیش کی، تاہم جب دورہ منسوخ کیا گیا تو صرف دس منٹ کے اندر ایک نیا اور بہتر مسودہ سامنے آ گیا۔
امریکی صدر کے مطابق یہ کوئی پیچیدہ مذاکرات نہیں بلکہ ایک سادہ معاملہ ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے اندر قیادت کے حوالے سے اختلافات موجود ہیں، تاہم امریکا جس بھی قیادت کے ساتھ معاملات طے ہوں گے، اسی سے بات چیت کرے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles