
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن کے مشن پر آگے بڑھ رہا ہے جبکہ بھارت عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہے، اور کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں پاکستان بھرپور جواب دے گا۔
اسلام آباد میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ آج پہلگام فلیگ آپریشن کو 1 سال پورا ہو چکا ہے، آج تک بھارت اپنے موقف کے حق میں شواہد پیش نہیں کر سکا، پہلگام واقعہ کھوکھلے پن، غیر منطقی، جھوٹی انا، تکبر و حرص پر مبنی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ بھارت کی اس سوچ کی عکاسی کرتا ہے جو کھوکھلے پن، غیر منطقی رویے، جھوٹی انا، تکبر اور مفاد پرستی پر مبنی ہے۔
عطاء تارڑ کے مطابق بھارت پہلگام واقعے کو فالس فلیگ آپریشن قرار دینے والے سوالات کا تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہا ہے، جبکہ اس واقعے کی ایف آئی آر محض 10 منٹ میں درج کی گئی، جو پہلے سے تیار شدہ متن کی نشاندہی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی بھارت کا اندرونی معاملہ ہے جسے وہ بیرونی مسئلہ بنا کر پیش کرتا ہے، جبکہ کشمیر ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی مسئلہ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کی کھوکھلی سوچ اور مبینہ مکاری اب واضح ہو چکی ہے، اور عالمی میڈیا، بھارتی سول سوسائٹی، سیاستدانوں اور تھنک ٹینکس نے بھی اس واقعے پر سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اس معاملے پر بھونڈے طریقے اختیار کیے اور فالس فلیگ آپریشنز اس کی تاریخ کا حصہ رہے ہیں۔
عطاء تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان نے پہلگام واقعے کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا کے پاس کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں تھے اور وہ صرف من گھڑت بیانیے کو فروغ دیتا رہا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیاں دنیا کے سامنے ہیں، اور ملک اپنی خودمختاری، وقار اور سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے کوئی بھی مہم جوئی کی تو پاکستان اس کا فیصلہ کن جواب دے گا، جبکہ پوری قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم پر متفق ہے۔