اسلام آباد میں ہزاروں اہلکار تعینات، سیکیورٹی ہائی الرٹ؛ راولپنڈی تاحکمِ ثانی بند


راولپنڈی میں غیرملکی وفود کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جس کے تحت شہر بھر میں غیرمعمولی پابندیاں عائد کرتے ہوئے بازاروں، شاپنگ مالز، ہوٹلز اور دیگر عوامی مقامات کو تاحکمِ ثانی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام بازار، شاپنگ مالز، ہوٹلز، کاروباری مراکز اور پارکس آج رات 12 بجے سے تاحکمِ ثانی بند رہیں گے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کے مطابق یہ فیصلے غیرملکی وفود کی آمد و رفت کے باعث کیے گئے ہیں اور شہر میں سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔
تعلیمی اداروں کے حوالے سے بھی اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پیر مہر علی شاہ ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی سمیت تمام بوائز اور گرلز ہاسٹلز بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ طلبہ کو فوری طور پر گھروں کو واپس جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس سے قبل سٹی پولیس آفیسر خالد حمدانی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہر میں تقریباً دس ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور جاری ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles