فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد تہران پہنچ گیا


امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے سلسلے میں پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ تہران پہنچ گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد تہران پہنچ گیا ہے۔ وفد میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل کے ہمراہ ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران آمد پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے وفد کا استقبال کیا، فیلڈ مارشل کا دورہ ثالثی کوششوں کا حصہ ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جاری بین الاقوامی مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی اہم سفارتی کاوشوں کا حصہ ہے۔ وفد ایرانی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کرے گا۔

اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پریس بریفنگ میں بتایا تھا کہ پاکستان کے ذریعے امریکا سے پیغامات کا تبادلہ کیا جا رہا ہے اورمذاکرات کے تسلسل میں ایران آج پاکستانی وفد کی میزبانی کرے گا۔
اسماعیل بقائی کے مطابق پاکستانی ثالثی کے ذریعے سفارتی رابطے برقرار ہیں اور مکمل جنگ بندی کے حصول کے لیے مزید بات چیت متوقع ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے ذریعے امریکا کے ساتھ بھی پیغامات کا تبادلہ ہو رہا ہے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق ایرانی ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مختلف فریقین کے درمیان اعتماد سازی کے لیے سفارتی کوششیں تیز ہو رہی ہیں۔
وفد کی ملاقاتوں میں ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ بالواسطہ مذاکرات کے دوسرے دور پر بھی بات چیت کی جائے گی، جب کہ آئندہ مرحلے کے لیے رابطوں کو مزید منظم بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان حالیہ عرصے میں مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے اور بالخصوص ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں کلیدی ثالثی کردار ادا کر رہا ہے، جسے عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles