پاکستان، سعودیہ، ترکیہ اور مصر کے درمیان مشترکہ تعاون کے فریم ورک کی تشکیل پر اتفاق


پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے سینئر سفارتی حکام نے اسلام آباد میں اجلاس میں شرکت کی، جس میں چاروں برادر ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کے فریم ورک کی تشکیل پر اتفاق ہوگیا ہے۔
دفترخارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں 4 برادر ممالک پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے سینئر حکام کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں علاقائی اور عالمی امور پر مشاورت کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں چاروں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کے فریم ورک کی تشکیل پر اتفاق کیا گیا، جس کا مقصد باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے جب کہ اجلاس میں امن، ترقی اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں شریک بردار ممالک نے پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور باہمی تعاون، علاقائی صورت حال اور مشترکہ مفادات کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ یہ اجلاس 29 مارچ  کو ہونے والے وزرائے خارجہ کے مشاورتی اجلاس کے تسلسل میں منعقد کیا گیا۔ جس کا مقصد باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا اور مشترکہ حکمت عملی وضع کرنا تھا۔
اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ و ترجمان دفترخارجہ سفیر طاہر اندرابی نے کی، ترکیہ، مصر اور سعودی عرب کے وفود کی قیادت بالترتیب نائب وزیر خارجہ سفیر موسیٰ کولاکلکایا، اسسٹنٹ وزیر خارجہ سفیر ناظح النگاری اور ڈائریکٹر جنرل وزارت خارجہ شہزادہ ڈاکٹر عبداللہ بن خالد بن سعود الکبیر السعود نے کی۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں ہونے والی مشاورت کو 17 اپریل کو ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقد ہونے والے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، جو انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ہوگا۔
بعد ازاں اجلاس کے شرکا نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ سے بھی ملاقات کی، جس میں علاقائی صورت حال اور سفارتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد میں ہونے والا یہ اہم سفارتی اجلاس چاروں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی جہت دینے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles