ایران اور امریکا میں تعمیری مذاکرات ہوئے، جنگ بندی کے عزم پر قائم رہنا چاہئے: اسحاق ڈار

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مذاکراتی عمل میں شریک امریکا اور ایران کے وفود کا شکرگزار ہوں، دونوں ممالک نے وزیراعظم کی درخواست پر مثبت ردعمل دیا۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے بتایا کہ امریکی نائب صدر کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی امریکی وفد پاکستان آیا، جبکہ ایران کی جانب سے محمد باقر قالیباف کی سربراہی میں وفد نے مذاکرات میں شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان امن مذاکرات اسلام آباد میں ہوئے جو مسلسل 24 گھنٹے تک جاری رہے۔ ان کے مطابق اس دوران فریقین کے درمیان تعمیری اور جامع مذاکرات کے کئی دور ہوئے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ امریکی اور ایرانی وفود کے شکر گزار ہیں جنہوں نے سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات میں حصہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے خود اور فیلڈ مارشل نے اس عمل میں معاونت کی، جبکہ فیلڈ مارشل نے گفتگو کو تعمیری بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

نائب وزیر اعظم کے مطابق دونوں فریقین نے وزیراعظم کی درخواست پر مثبت ردعمل دیا، جس سے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں مدد ملی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی فریقین کے درمیان مذاکرات جاری رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے دونوں وفود کا شکریہ ادا کیا جاتا ہے اور پاکستان آئندہ بھی سہولت کاری کا کردار جاری رکھے گا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

آخر میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ضروری ہے دونوں ممالک جنگ بندی برقرار رکھنے کے اپنے عزم پر قائم رہیں تاکہ پائیدار امن ممکن بنایا جا سکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles