ایرانیوں کو سمجھ نہیں آرہا ان کے پاس اب کوئی کارڈز نہیں: ٹرمپ کی پھر دھمکی

امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ بات چیت سے چند گھنٹے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف سخت بیان دیتے ہوئے ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ ایرانیوں کو سمجھ نہیں آرہا ان کے پاس اب کوئی کارڈز نہیں، آبنائے ہرمز وقتی طور پر بند کرکے بھتہ لینے کے علاوہ کوئی کارڈ نہیں، ایرانی صرف زندہ اس لیے ہیں کہ وہ ٹرمپ سے بات کررہے ہیں۔

جمعے کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سوشل ٹروتھ پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایرانیوں کو یہ سمجھ نہیں آرہی کہ ان کے پاس اب کوئی “کارڈز” نہیں بچے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے پاس صرف یہ آپشن رہ گیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کو وقتی طور پر بند کر کے دباؤ ڈالنے کی کوشش کرے، جسے انہوں نے “بھتہ لینے” سے تعبیر کیا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایرانی صرف اس لیے زندہ ہیں کیوں کہ وہ امریکا کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔

اس سے قبل سوشل میڈیا جاری اپنے مختصر بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ پلانٹیر ٹیکنالوجیز نے جنگی کارروائیوں میں اپنی مضبوط صلاحیتوں اور آلات کو ثابت کردیا، یہ بات ہمارے دشمنوں سے پوچھ لیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاملات کی تبدیلی کا اشارہ دیتے ہوئے سوشل میڈیا پوسٹ پر لکھا کہ دنیا کا سب سے طاقتور ری سیٹ ہوگیا۔ بظاہر اس پوسٹ میں کوئی مزید حوالہ نہیں ہے لیکن امریکی میڈیا نے اس پر کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کے یہ جملے ایران سے مذاکرات کے حوالے سے ہیں۔

خیال رہے کہ پلانٹیر ٹیکنالوجیز امریکی سافٹ ویئر کمپنی ہے جو حکومتی ایجنسیوں، دفاعی اور کاروباری اداروں کے لیے کام کرتی ہے۔

امریکی صدر کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ مذاکرات کی تیاریاں جاری ہیں اور خطے میں کشیدگی پہلے ہی عروج پر ہے۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس وفد کے ہمراہ پاکستان کے لیے روانہ ہو چکے ہیں، اسلام آباد مذاکرات کے لیے امریکی وفد نائب صدر جے ڈی وینس، نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر پر مشتمل ہوگا۔

ایرانی وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ باقر قالیباف شامل ہوں گے۔ پاکستان نے مہمان وفود اور ایران اور امریکا سے آنے والے مہمان صحافیوں کو ویزا سہولت دے دی ہے۔

روانگی سے قبل میڈیا سے مختصر گفتگو میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ انہیں یقین ہے مذاکرات مثبت ہوں گے۔ ایران نیک نیتی دکھائے تو امریکا بھی تیار ہے، ایران نے کھیلنے کی کوشش کی تو اسے قبول نہیں کریں گے۔

اس سے قبل پاکستان کی ثالثی میں دونوں ملکوں کے درمیان دو ہفتے کی جنگ بندی ہوئی ہے، جس کے بعد کل اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے وفود کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہورہا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles