
متحدہ عرب امارات نے ایران کے حالیہ حملوں کے تناظر میں اپنے عالمی اور علاقائی تعلقات کا ازسرِ نو جائزہ لینے کا اعلان کیا ہے، جس میں قابلِ اعتماد اتحادیوں کی نشاندہی اور معاشی ڈھانچے کی مضبوطی پر توجہ دی جائے گی۔
متحدہ عرب امارات کے صدر کے سینئر سفارتی مشیر انور قرقاش نے کہا ہے کہ یو اے ای حالیہ پیش رفت کے بعد اپنے عالمی تعلقات کا باریک بینی سے جائزہ لے گا اور یہ تعین کرے گا کہ کن ممالک پر بھروسہ کیا جا سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں انور قرقاش نے کہا کہ ’ایک دھوکے پر مبنی حملے پر کامیابی حاصل کرنے والے کے اعتماد کے ساتھ ہم اپنے علاقائی اور عالمی تعلقات کے نقشے کا درستگی سے جائزہ لیں گے اور یہ طے کریں گے کہ کون قابلِ اعتماد ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اس عمل کے ساتھ ساتھ معیشت اور مالیاتی نظام کی ایسی تشکیل پر بھی کام کیا جائے گا جو یو اے ای کے ماڈل کو مزید مضبوط اور پائیدار بنائے۔
انور قرقاش کے مطابق قومی ترجیحات کا دانشمندانہ جائزہ ہی ہمارے مستقبل کی راہ ہے۔