اسلام آباد ڈائیلاگ: ایرانی وفد آج رات پاکستان پہنچے گا

ایران کے سفیر برائے پاکستان رضا امیری مقدم نے بتایا ہے کہ ایرانی وفد آج رات اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگا تاکہ ایران کے 10 نکاتی امن منصوبے کے تحت مذاکرات کیے جائیں۔

رضا امیری مقدم نے اپنے سوشل میڈیا ایکس اکاؤنٹ پر بیان میں کہا کہ وفد کا یہ دورہ اس باوجود ہو رہا ہے کہ ایرانی عوام میں اسرائیلی حکومت کی جانب سے اس سفارتی اقدام کو ناکام بنانے کی کوششوں کے حوالے سے شک و شبہات پائے جا رہے ہیں۔

امیری مقدم کے مطابق ایران اس امن منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سنجیدہ ہے اور پاکستانی قیادت کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے اور مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکا اور ایران نے دو ہفتوں کے لیے جنگ بندی پر رضامندی ظاہرکی، جس کے بعد اب دونوں ممالک کے وفود اسلام آباد میں براہِ راست مذاکرات کریں گے۔

امریکا نے پاکستان کی ثالثی میں ایران سے مذاکرات کے لیے اعلیٰ سطح کا 3 رکنی وفد اسلام آباد بھیجنے کا اعلان کیا جب کہ وفد کی قیادت امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے۔

بدھ کو وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے اپنی مذاکراتی ٹیم اسلام آباد بھیج رہے ہیں، جس کا مقصد خطے میں جاری سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کا مزید کہنا تھا کہ مذاکراتی ٹیم میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے ایشیائی امور اسٹیو ویٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہوں گے، امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ہفتے کی صبح اسلام آباد میں ہوگا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles