’اسلام آباد جانے سے کبھی انکار نہیں کیا‘، عباس عراقچی نے زیرِ گردش خبروں کو مسترد کردیا

ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے واضح کیا کہ تہران نے کبھی بھی اسلام آباد جا کر امن مذاکرات سے انکار نہیں کیا، تاہم انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی مذاکرات کا نتیجہ ایک حتمی اور دیرپا حل کی صورت میں نکلنا چاہیے جو ان کے بقول ایران پر مسلط غیر قانونی جنگ کا خاتمہ کرے۔

ایکس پر جاری اپنے بیان میں عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران کے مؤقف کو امریکی میڈیا میں غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تہران اسلام آباد آنے سے کبھی نہیں کترایا، لیکن اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے قابلِ قبول اور مستقل شرائط طے کی جائیں۔

یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب ایران اور امریکا کے درمیان پاکستان کی ثالثی میں جاری جنگ بندی مذاکرات تعطل کا شکار ہونے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

دی وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران نے ثالثوں کو پیغام دیا تھا کہ وہ آئندہ دنوں میں اسلام آباد میں امریکی حکام سے ملاقات کے لیے تیار نہیں اور واشنگٹن کے مطالبات کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ جنگ بندی کی کوششیں تعطل کا شکار ہو چکی ہیں اور ایران نے مجوزہ مذاکرات میں شرکت سے انکار کیا ہے، جس کے باعث سفارتی پیش رفت میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔

ادھر پاکستان نے بھی اس حوالے سے سامنے آنے والی خبروں کو مسترد کیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے ان رپورٹس کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ سرکاری ذرائع سے منسوب کوئی بھی دعویٰ درست نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ کی حالیہ بریفنگ کو غلط انداز میں پیش کیا گیا اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ صرف مستند بیانات پر انحصار کرے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles