
امریکی حکام نے ایران کے مرحوم جنرل قاسم سلیمانی کی بھانجی اور ان کی بیٹی کو گرفتار کرتے ہوئے ان کا گرین کارڈ منسوخ کر دیا، ان کی گرفتاری امریکی امیگریشن اور کسٹمز انفارسمینٹ کی تحویل میں ہونے کے بعد سامنے آئی۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی وفاقی حکام نے سابق ایرانی فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی شہید کی بھانجی حمیدہ سلیمانی افشار اور ان کی بیٹی کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ اقدام اس کے بعد کیا گیا جب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ان کا قانونی مستقل رہائشی (گرین کارڈ) کا درجہ منسوخ کر دیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے بیان کے مطابق، حمیدہ سلیمانی افشار اور ان کی بیٹی اب امیگریشن اور کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کی حراست میں ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گرین کارڈ کی منسوخی اور گرفتاری امریکی قوانین کے مطابق کی گئی کارروائی ہے۔
یاد رہے جنرل قاسم سلیمانی کو جنوری 2020 کی صبح بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر امریکی فضائی حملے میں شہید کیا گیا تھا۔ اسی حملے میں عراقی ملیشیا کے کمانڈر ابو مہدی المہندس بھی مارے گئے تھے۔