
جنوبی ایران میں امریکی ایف 15 جنگی طیارے کے گرنے کے بعد امریکی افواج لاپتہ پائلٹ کی تلاش میں مصروف ہیں جبکہ ایران نے اعلان کیا ہے کہ پائلٹ کی اطلاع دینے والے کو انعام دیا جائے گا۔
جمعہ کو جنوبی ایران میں امریکی ایف 15 جنگی طیارہ گرا۔ امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ اس طیارے میں سوار ایک پائلٹ کو بچا لیا گیا، جبکہ ایک لاپتہ ہے۔ امریکی افواج اس لاپتہ پائلٹ کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ نے ایرانی سرکاری میڈیا کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی پائلٹ کو زندہ پکڑنے والے شہری کو انعام دیا جائے گا۔
ایرانی حکام نے لاپتہ امریکی اہلکار کو گرفتار کرنے میں مدد کرنے والے شہریوں کو تقریباً 66 ہزار 100 امریکی ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس کے علاوہ ایران نے گزشتہ روز آبنائے ہرمز کے قریب خلیج فارس میں امریکا کے اے- 10 وارٹ ہاگ طیارے کو بھی گرانے کا کیا تھا۔
اس طیارے کے پائلٹ نے خلیج میں ایجیکشن کیا اور بعد ازاں اسے بچا لیا گیا، جس کی تصدیق بی بی سی کے علاوہ سی بی ایس نیوز نے بھی کی تھی۔
اب تک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں طیاروں کے مار گرنے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے پہلے بیان دیا تھا کہ صدر کو صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ امریکا کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے دوران اب تک 365 امریکی سروس ممبران زخمی ہو چکے ہیں۔