
اسرائیل کے شہر حیفہ میں تازہ راکٹ حملے کیے گئے ہیں جس کی تصدیق اسرائیلی حکام نے بھی کی ہے۔
اسرائیلی حکام کے مطابق تازہ راکٹ حملوں میں شمالی اسرائیل کو نشانہ بنایا گیا ہے، جہاں خاص طور پر شہر حیفہ اور اس کے گرد و نواح متاثر ہوئے۔
عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملوں کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے بعض افراد شدید خوف اور ذہنی دباؤ کا شکار ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق حملے کے نتیجے میں ایک شخص جھٹکے کی شدت کے باعث اڑنے والے پتھروں کی زد میں آ کر زخمی ہوا، جس سے املاک کو بھی نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ حیفہ اسرائیل کا ایک نہایت اہم اور اسٹریٹجک شہر ہے، جہاں بڑی آبادی مقیم ہے۔
یہ شہر ملک کی سب سے اہم آئل ریفائنری کا مرکز بھی ہے، جو اسرائیل کی مجموعی ریفائننگ صلاحیت کا تقریباً 70 فیصد پراسیس کرتی ہے۔
اگرچہ اس حالیہ حملے میں آئل ریفائنری محفوظ رہی، تاہم اس سے قبل جاری جنگ کے دوران اس تنصیب کو دو مرتبہ نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 148 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق وزارتِ صحت نے جمعہ کو جاری بیان میں بتایا کہ ایران پر حملے کے آغاز کے بعد سے جو کہ فروری کے اواخر میں شروع ہوا، اب تک مجموعی طور پر 6 ہزار 594 افراد کو اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔