پاک بحریہ اور چینی بحریہ کی مشترکہ مشق سی گارڈین فورتھ کامیابی سے مکمل


پاک بحریہ اور چینی بحریہ کی مشترکہ مشق سی گارڈین فورتھ اختتام پذیر ہو گئی، جس کا مقصد بحری تعاون اور آپریشنل ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا، اختتام پر بحیرہ عرب میں مشترکہ گشت کے ذریعے خطے میں بحری سیکیورٹی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاک بحریہ اور چین کی بحریہ کے درمیان 25 مارچ سے یکم اپریل 2026 تک مشترکہ بحری مشق سی گارڈین چار منعقد ہوئی، جس کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون اور میری ٹائم سیکیورٹی کو مضبوط بنانا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق دو مراحل پر مشتمل تھی، جس میں کراچی بندرگاہ پر پانچ روزہ قیام اور شمالی بحیرہ عرب میں دو روزہ سمندری مرحلہ شامل تھا۔ چینی بحریہ کے جہاز داچنگ کی آمد پر پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس تیمور نے پرتپاک استقبال کیا۔
ترجمان کے مطابق مشق کے دوران مختلف مشترکہ سرگرمیاں منعقد ہوئیں، جن میں بحری جہازوں کے باہمی دورے، پیشہ ورانہ مباحثے، بحری تنصیبات کے دورے اور ینگ افسران کے سیمینار کا انعقاد شامل تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سمندری مرحلے میں فضائی دفاعی مشقیں، آبدوز کے ساتھ آپریشنز، روایتی جنگی مشقیں اور لائیو گنری فائرنگ کی مشقیں کی گئیں، جس سے دونوں بحری افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوا۔
مشق کے اختتام پر دونوں ممالک کی بحری افواج نے بحیرہ عرب میں مشترکہ گشت بھی کیا، جو خطے میں سمندری سلامتی اور استحکام کے لیے ان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles