ای میلز کھوئے بنا ’جی میل‘ آئی ڈی تبدیل کرنے کا طریقہ

ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اور دلچسپ پیش رفت ہوئی ہے، گوگل نے اپنے صارفین کے لیے ایک ایسی سہولت متعارف کروا دی ہے جس کا انتظار برسوں سے کیا جا رہا تھا۔ اب صارفین کو اپنے برسوں پرانے اور غیر پیشہ ورانہ جی میل ایڈریس کے ساتھ جڑے رہنے کی ضرورت نہیں ہے، بلکہ آپ اپنا ڈیٹا یا پرانی ای میلز ضائع کیے بغیر ایک نیا ایڈریس منتخب کر سکتے ہیں۔

اکثر صارفین نے برسوں پہلے غیر سنجیدہ یا بچگانہ ناموں سے ای میل آئی ڈیز بنائی تھیں، جنہیں اب وہ پیشہ ورانہ زندگی میں استعمال کرنے سے کتراتے ہیں، تو جناب گوگل نے اس کا بہترین حل پیش کردیا ہے۔

گوگل کے سربراہ سندر پچائی نے اس فیچر کا اعلان کرتے ہوئے دلچسپ تبصرہ کیا کہ اگرچہ جی میل کا آغاز 2004 میں ہوا تھا، لیکن آپ کی ای میل آئی ڈی کو وقت کے اسی ایک خانے میں قید نہیں رہنا چاہیے۔

اس نئے فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو محض اپنے گوگل اکاؤنٹ کی سیٹنگز میں جانا ہوگا، جہاں وہ اپنی پسند کا کوئی بھی دستیاب نام منتخب کر کے اپنا ای میل ایڈریس بدل سکیں گے۔

اس عمل کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ پرانا ایڈریس مستقل طور پر ختم نہیں ہوگا بلکہ وہ صارف کے اکاؤنٹ کے ساتھ ہی منسلک رہے گا۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ کوئی دوسرا شخص آپ کا پرانا ایڈریس استعمال نہیں کر سکے گا اور اگر کوئی پرانی آئی ڈی پر ای میل بھیجے گا، تو وہ بھی آپ کو نئے ایڈریس والے ان باکس میں ہی موصول ہوتی رہے گی۔

ای میل ایڈریس کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ گوگل نے جیمنائی کے ذریعے جی میل کو مزید اسمارٹ بنانے کا اعلان بھی کیا ہے۔ اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک جدید ”اے آئی انباکس“ بھی متعارف کروایا ہے۔ یہ فیچر آپ کی اہم ای میلز کو ترجیحی بنیادوں پر ترتیب دے گا۔

یہ فیچر بلوں کی ادائیگی جیسے ضروری پیغامات اور اہم کاموں والی ای میلز کو نمایاں ’بولڈ‘ کر کے دکھائے گا تاکہ صارفین کی توجہ ان پر مرکوز ہو سکے۔

اس کے علاوہ سفر اور قیام سے متعلق اور ریسٹورنٹ ریزرویشن کی معلومات کو بھی ایک خاص حصے میں ترتیب دیا جائے گا تاکہ تمام تفصیلات ایک ہی جگہ دستیاب ہوں۔

اے آئی پر مبنی یہ جدید ان باکس فی الحال صرف امریکا میں مقیم منتخب صارفین کے لیے پیش کیا گیا ہے، تاہم امید ہے کہ جلد ہی اسے عالمی سطح پر عام کر دیا جائے گا۔

یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ گوگل کا اے آئی ماڈل جیمنائی پہلے ہی آپ کے ان باکس میں موجود طویل ای میلز کا خلاصہ پیش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے وقت کی بچت اور اہم معلومات کا حصول آسان ہو جاتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles