
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا سوشل میڈیا میسجنگ ایپ ’واٹس ایپ‘ کا نمبر ہیک کر لیا گیا ہے جس کے بعد انہوں نے عوام اور پارٹی کارکنوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان کے نمبر سے آنے والی کسی بھی مشکوک کال یا پیغام پر کان نہ دھریں۔
بیرسٹر گوہر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ آج صبح تقریباً 11 بجے ہیکرز کے قبضے میں چلا گیا تھا۔
بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹ ہیک ہونے کے بعد اب وہ ڈیلیٹ ہو چکا ہے لیکن ہیکرز اس نمبر کا استعمال کرتے ہوئے مختلف لوگوں سے رابطے کر رہے ہیں اور ان سے رقم کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ ہیکرز کی جانب سے کی جانے والی رقم کی کسی بھی درخواست یا مالی مطالبے کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جائے کیونکہ ان کا اپنے اس اکاؤنٹ پر اب کوئی کنٹرول نہیں رہا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنے تمام رابطوں میں رہنے والے افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور کسی بھی قسم کی مالی لین دین سے گریز کریں تاکہ کسی بھی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔