
ایران نے پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری کی شہادت کی تصدیق کر دی، جو حالیہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد دفاعی کارروائیوں کے دوران شدید زخمی ہوئے تھے۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں نیوی کمانڈر ریئر ایڈمرل علی رضا تنگسیری کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دشمن کے خلاف کارروائیوں کے بعد ایران کے ساحلی علاقوں اور جزیروں پر دفاعی پوزیشنز کو مضبوط بنانے کے دوران زخمی ہوئے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ علی رضا تنگسیری ایک تجربہ کار اور محنتی کمانڈر تھے جنہوں نے طویل عرصے تک خدمات انجام دیں اور حالیہ کشیدگی کے دوران اہم کردار ادا کیا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق حالیہ کارروائیوں میں دشمن کے اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنانے کی کوششیں جاری تھیں۔
تسنیم کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ایسی قربانیاں قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرتیں بلکہ مزید مضبوط بناتی ہیں اور یہ کہ آپریشنز آئندہ بھی پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گے، خاص طور پر آبنائے ہرمز کے محاذ پر۔
دوسری جانب عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایران میں شہدا کی تعداد 2 ہزار 76 تک پہنچ گئی ہے، جن میں 216 بچے اور 250 طلبہ و اساتذہ شامل ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ زخمیوں کی تعداد 26 ہزار 500 سے زائد ہو چکی ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور دفاعی اقدامات جاری ہیں۔