
ہر سال 30 مارچ کو فلسطینی یوم العرض مناتے ہیں، جس کے ذریعے وہ سنہ 1976 میں اسرائیلی افواج کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کی ہلاکت اور اپنی زمینوں کے تحفظ کی جدوجہد کو یاد کرتے ہیں۔ اس دن کو فلسطینی اپنی سرزمین سے وابستگی کے اظہار اور اسرائیلی قبضے کے خلاف مزاحمت کی علامت کے طور پر مناتے ہیں۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق یوم العرض کی یاد میں فلسطینی ہر سال 30 مارچ کو ان واقعات کو دہراتے ہیں جب 1976 میں اسرائیلی فورسز نے مظاہروں کے دوران 6 نہتے فلسطینیوں کو شہید اور 100 سے زائد کو زخمی کر دیا تھا۔
یہ مظاہرے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی شہریوں کی 2 ہزار ہیکٹر (4 ہزار 942 ایکڑ) زمین ضبط کرنے کے فیصلے کے خلاف کیے گئے تھے۔
یہ زمینیں اسرائیل کے علاقے الجلیل (گیلیلی) میں واقع تھیں اور ان پر قبضے کا مقصد اسرائیلی ریاستی پالیسی کے تحت اس علاقے کو یہودی اکثریتی بنانے کی کوشش قرار دیا گیا تھا۔
اگرچہ زمینوں کی ضبطگی پورے الجلیل میں ہوئی، تاہم 1976 کے احتجاج کا مرکز فلسطینی شہر سخنین، عرابہ اور دیر حنا تھے۔
ضبط کی گئی زمین کا حجم تقریباً 3 ہزار فٹبال گراؤنڈز یا نیویارک میں مین ہیٹن کے جنوبی حصے سے سینٹرل پارک کے آغاز تک کے علاقے کے برابر بتایا جاتا ہے۔
یوم العرض کے موقع پر فلسطینی، چاہے وہ اسرائیل میں رہتے ہوں یا مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں- غزہ، مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم — میں، احتجاجی مظاہرے، شمعیں روشن کرنے کی تقریبات اور زیتون کے درخت لگا کر اپنی زمین سے وابستگی کا اظہار کرتے ہیں۔
ان مظاہروں کو اکثر اسرائیلی فورسز کی جانب سے طاقت کے استعمال کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
رواں برس یوم العرض کی 50ویں برسی کے موقع پر دنیا بھر کے مختلف شہروں میں بھی احتجاجی ریلیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔