کراچی کے امتیاز سُپر اسٹور میں آتشزدگی، آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا


کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع امتیاز اسٹور میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس پر فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قابو پالیا، جبکہ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق فائر بریگیڈ کو صبح تقریباً 6 بجے آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر صدر فائر اسٹیشن سے فوری طور پر فائر ٹینڈرز روانہ کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر آگ اسٹور کے بیسمنٹ میں لگی، جسے قابو میں کر لیا گیا، تاہم گراؤنڈ فلور کے مختلف مقامات پر بھی آگ کے شعلے موجود تھے، جنہیں بجھانے کا عمل جاری رہا۔
ہمایوں خان کے مطابق واقعے کے وقت اسٹور کے اندر کوئی عملہ موجود نہیں تھا، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ اے ٹی ایم مشین کے قریب لگی۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹور انتظامیہ نے ابتدا میں خود آگ بجھانے کی کوشش کی۔

چیف فائر آفیسر کا کہنا تھا کہ فالس سیلنگ کے باعث آگ اور دھواں تیزی سے پھیلا، جبکہ عمارت میں دھواں نکلنے کے مناسب راستے نہ ہونے کی وجہ سے اندر دھواں جمع ہوگیا، جس سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تمام افراد کو عمارت سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور اس وقت کوئی بھی اندر موجود نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو اور آگ بجھانے کے عمل پر مکمل توجہ دی جا رہی ہے اور صورتحال کو قابو میں لانے کی کوشش جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات کسی کے ساتھ بھی پیش آ سکتے ہیں، تاہم شہر میں فائر سیفٹی آڈٹ کا عمل جاری ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles