اسرائیل کے ایران کی جوہری اور صنعتی تنصیبات پر حملے

اسرائیل نے ایران کی اہم جوہری اور صنعتی تنصیبات پر فضائی حملے کر دیے، جن میں اراک کا ہیوی واٹر پلانٹ، اردکان کی یورینیم پراسیسنگ سائٹ اور بڑی اسٹیل فیکٹریاں شامل ہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق حملوں کے باوجود کسی قسم کا تابکار اخراج نہیں ہوا، تاہم متعدد صنعتی تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے اے ایف پی اور الجزیرہ کے مطابق ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے جمعہ کے روز تصدیق کی ہے کہ اس کی فضائیہ نے ایران کی اہم جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں وسطی ایران کے شہر اراک میں واقع ہیوی واٹر پلانٹ شامل ہے۔ اسرائیلی بیان میں اس تنصیب کو جوہری ہتھیاروں کے لیے پلوٹونیم کی پیداوار کا اہم مرکز قرار دیا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق صوبہ مرکازی میں اراک کے قریب واقع خنداب ہیوی واٹر کمپلیکس کو دو مراحل میں نشانہ بنایا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی تابکار مواد کے اخراج کی اطلاع ملی ہے۔

دوسری جانب ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم نے بتایا کہ صوبہ یزد کے شہر اردکان میں یورینیم پراسیسنگ کی ایک تنصیب کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ حملہ اس تنصیب کے بنیادی ڈھانچے پرکیا گیا، جو یورینیم افزودگی کے عمل میں استعمال ہوتا ہے۔ ادارے کے مطابق یہ حملہ امریکی- صہیونی دشمن کی جانب سے کیا گیا، تاہم اس کے نتیجے میں کوئی تابکار اخراج نہیں ہوا۔

یہ حملے اس کشیدگی میں نمایاں اضافہ ظاہر کرتے ہیں، جس میں ایران کے وسطی علاقوں میں متعدد اسٹریٹجک مقامات کو بیک وقت نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں میں دو بڑی اسٹیل فیکٹریاں بھی متاثر ہوئیں، جن میں جنوب مغرب میں خوزستان اسٹیل اور اصفہان میں مبارکہ اسٹیل پلانٹ شامل ہیں۔

فارس نیوز ایجنسی کے مطابق مبارکہ کمپلیکس میں بجلی کے سب اسٹیشن اور الائے اسٹیل کی پیداوار لائن کو نقصان پہنچا، جب کہ خوزستان پلانٹ میں ایک گودام کو نشانہ بنایا گیا۔ امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

ادھر، پاسداران انقلاب کے ایرو اسپیس کمانڈر سید مجید موسوی نے ایران کے صنعتی مراکز پر حملوں کے بعد ایک سخت بیان جاری کیا ہے، جس میں امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا گیا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ آپ نے ہمیں پہلے بھی آزمایا، دنیا نے دیکھا کہ آپ نے خود آگ سے کھیلنا شروع کیا اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا۔ موسوی نے مزید کہا کہ اس بار ردعمل مختلف ہوگا اور یہ اب آنکھ کے بدلے آنکھ نہیں ہوگا، انتظار کریں اور دیکھیں۔

انہوں نے خطے میں امریکی اور اسرائیلی مفادات سے وابستہ صنعتی کمپنیوں کے ملازمین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جانوں کو خطرے سے بچانے کے لیے فوری طور پر اپنے کام کی جگہیں چھوڑ دیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles