
حکومت نے توانائی بحران کے پیش نظر کم آمدن افراد کو سستا پیٹرول فراہم کرنے کیلئے ایک نیا طریقہ کار تیار کر لیا ہے، جس کے تحت موبائل ایپ کے ذریعے سبسڈی دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزارت آئی ٹی نے 24 ہزار موبائل فونز کی خریداری کیلئے اظہارِ دلچسپی طلب کرلیا ہے۔ یہ موبائل فونز ملک بھر کے پٹرول پمپس کو فراہم کیے جائیں گے تاکہ سبسڈی کے نظام کو ڈیجیٹل طریقے سے چلایا جا سکے۔
نیشنل آئی ٹی بورڈ موبائل فونز کی قیمتوں کا تعین کرے گا جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں یہ فونز خرید کر پٹرول پمپس تک پہنچائیں گی۔ منصوبے کے تحت 12 ہزار پٹرول پمپس پر مجموعی طور پر 24 ہزار موبائل فونز فراہم کیے جائیں گے، یعنی ہر پمپ پر دو فونز دستیاب ہوں گے۔
حکومت کی جانب سے ہر پٹرول پمپ پر دو نوزلز مخصوص کیے جائیں گے جہاں سبسڈائزڈ پٹرول فراہم کیا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے وزارت آئی ٹی کی تیار کردہ موبائل ایپ آخری مراحل میں ہے اور اس کی ٹیسٹنگ جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس ایپ کے ذریعے صارفین کو ڈیجیٹل واؤچر جاری کیے جائیں گے، جس کی بنیاد پر سبسڈی دی جائے گی۔ ابتدائی طور پر موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ 20 لیٹر تک سبسڈائزڈ پٹرول دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
تاہم 800 سی سی تک گاڑیوں کو سبسڈائزڈ پٹرول دینے کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب حکومت نے ملک بھر کے پٹرول پمپس کی نگرانی کا عمل بھی شروع کر دیا ہے تاکہ اس نظام کو مؤثر بنایا جا سکے۔