
ایران میں قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے مبینہ گروہ کے 466 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایرانی کی سرکاری خبر ایجنسی ارنا نے بتایا ہے کہ یہ گرفتاریاں منگل کے روز کی گئیں، جو اسرائیل اور امریکا کے ساتھ جنگ کے آغاز کے بعد سیکیورٹی کے حوالے سے سب سے بڑی کارروائیوں میں سے ایک قرار دی جا رہی ہیں۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں ماہ کے دوران ایک ہزار سے زائد افراد کو مختلف الزامات کے تحت حراست میں لیا جا چکا ہے۔
ان افراد پر حساس مقامات کی ویڈیوز بنانے، حکومت مخالف مواد آن لائن شیئر کرنے یا دشمن ملک کے ساتھ تعاون کرنے جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
پولیس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں انٹیلی جنس معلومات اور تکنیکی نگرانی کے بعد یہ گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔
پولیس بیان کے مطابق زیر حراست افراد کا تعلق ایسے دشمن نیٹ ورکس سے بتایا گیا ہے جو ملک کے اندر عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایران کی وزارتِ داخلہ نے ملک بھر میں بڑے سیکیورٹی آپریشن کے دوران امریکا کے لیے مخبری اور تخریب کاری کے الزام میں درجنوں افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا جب کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد سے مبینہ تعلق پر ایک ایرانی شہری کو سزائے موت دے دی گئی تھی۔