لگژری گاڑیوں کے ہائی آکٹین فیول پر لیوی میں 200 روپے فی لیٹر اضافہ

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول کی فی لیٹر قیمت میں 200 روپے لیوی کا اضافہ کردیا ہے۔

اتوار کو وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وڈیو لنک اجلاس میں امیر ترین طبقے کے زیر استعمال پرتعیش (لگژری) گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

وڈیو لنک اجلاس کے دوران وزیراعظم نے نوٹس لیا کہ مہنگی ترین گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول پر لیوی بڑھنی چاہیے اور امیر ترین طبقے کے زیر استعمال لگژری گاڑیوں پر موجودہ لیوی جو کہ 100 روپے فی لیٹر ہے، اس میں 200 روپے مزید فی لیٹر اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے بعد مہنگی ترین گاڑیوں میں ڈالنے والے ہائی آکٹین فیول پر اب سے 300 روپے فی لیٹر لیوی کا اطلاق ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق اس فیصلے سے حکومت کو 9 ارب روپے ماہانہ بچت ہوگی اور وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق عوام کو اس بچت سے ریلیف دیا جائے گا، اس فیصلے سے معیشت پر بوجھ کم ہوگا اور ملک کا امیر ترین طبقہ بوجھ اٹھائے گا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ جہاں نچلے اور درمیانے طبقے کے زیر استعمال عام گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمتیں نہیں بڑھائی گئی جب کہ صرف لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول کی قیمت بڑھائی گئی ہے اور اس فیصلے سے پبلک ٹرانسپورٹ اور ہوائی جہازوں کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں ہو گا۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ ہائی آکٹین کی قیمتوں کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے نوٹس لیا تھا اور متعلقہ وزارت کو اس حوالے سے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ، وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔

جنگی حالات سے توانائی انفرااسٹرکچر متاثر ہونے کا خدشہ

دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے خبردار کیا کہ جنگی حالات سے توانائی انفرا اسٹرکچر متاثر ہونے کا خدشہ ہے، ٹارگٹڈ ریلیف کی جانب جائیں گے، ہدف مستحق طبقہ ہے،ہم سب نے مل کر ملک کو بحران سے نکالنا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر 69 ارب روپے کا بوجھ برداشت کیا، اپریل تک سپلائی چین کی صورت حال بہتر ہونے کی امید ہے، ڈیمانڈ مینجمنٹ اور توانائی کی بچت اقدامات پر غور کررہے ہیں۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ کشیدہ صورت حال پر ملک میں توانائی کی فراہمی کے حوالے سے روزانہ اجلاس ہوتا ہے، پیٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے، حکومت کوشش کر رہی ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے، ہمارے وسائل لامحدود نہیں ہیں، وزیراعظم نے بھی کہا ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles