صدر ٹرمپ کا امریکی ایئرپورٹس پر امیگریشن فورسز تعینات کرنے کا اعلان

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ایئرپورٹس پر امیگریشن فورسز تعینات کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ہفتے کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سوشل ٹروتھ پرجاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبر دار کیا کہ اگر ڈیموکریٹس نے بجٹ معاہدہ نہ کیا تو وہ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) اہلکار ایئرپورٹس پر تعینات کیے جائیں گے، جو غیر قانونی تارکین وطن کو فوری طور پر گرفتار کریں گے۔

انہوں نے اپنے بیان میں خاص طور پر صومالیہ سے تعلق رکھنے والے افراد کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ ایئرپورٹس کو محفوظ بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کے مطابق یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی تقریباً 5 ہفتوں سے نئی فنڈنگ سے محروم ہے، جس کے باعث جزوی حکومتی شٹ ڈاؤن جاری ہے۔ اس صورت حال میں ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن (ٹی ایس اے) کے اہلکار بغیر تنخواہ کام کرنے پر مجبور ہیں، جس سے عملے کی کمی اور ایئرپورٹس پر طویل قطاریں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔

ریپبلکنز نے محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی فنڈنگ بحال کرنے پر زور دیا ہے جب کہ ڈیموکریٹس ٹی ایس اے جیسے اداروں کے لیے علیحدہ فنڈنگ کی حمایت کر رہے ہیں، جس میں امیگریشن آپریشنز شامل نہ ہوں۔

دریں اثنا ایلون مسلک نے پیشکش کی ہے کہ وہ اس تعطل کے دوران ٹی ایس اے اہلکاروں کی تنخواہیں ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

رپورٹس کے مطابق امریکا کے بڑے ایئرپورٹس، جن میں ہیوسٹن، اٹلانٹا، نیو اورلینز اور فلاڈیلفیا شامل ہیں، شدید تاخیر کا شکار ہیں، جہاں بعض مقامات پر سیکیورٹی چیک کے لیے انتظار کا دورانیہ تین گھنٹے سے تجاوز کر گیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles