ایران متحد ہے، دشمن اپنے مقاصد میں ناکام ہوچکا: مجتبیٰ خامنہ ای

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران جنگ کے باوجود متحد ہے اور دشمن اپنے مقاصد میں ناکام ہو چکا ہے، جبکہ انہوں نے پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی قوم نے مشکل حالات میں بھی روزہ اور جہاد کو ساتھ ساتھ جاری رکھا، جو ان کے عزم اور حوصلے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے ایرانی صدر اور قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران میں محاذ دشمن کے اندازوں سے کہیں زیادہ مضبوط ہے اور دشمن یہ سمجھتا تھا کہ قیادت کو نقصان پہنچانے کے بعد ایرانی قوم کمزور ہو جائے گی، تاہم ایسا نہیں ہوا۔

مجتبیٰ خامنہ ای کے مطابق دشمن جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے ایرانی عوام میں تقسیم پیدا کرنا چاہتا ہے، لیکن قوم کا اتحاد ان عزائم کو ناکام بنا دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے دشمن ٹوٹ چکا ہے اور ایران مزید مضبوط ہو کر سامنے آیا ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ جنگ کے دوران قوم کا متحد رہنا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ اتحاد ہی کامیابی کی اصل کنجی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دشمن خطے کے ممالک کے درمیان تعلقات خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اپنے ہمسایہ ممالک کو بہت اہمیت دیتا ہے اور خاص طور پر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہتر تعلقات کا خواہاں ہے اور چاہتا ہے کہ تمام مسلم ممالک آپس میں اچھے روابط قائم رکھیں۔

بیان کے اختتام پر انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ ایرانی قوم متحد ہے اور دشمن کے تمام منصوبے ناکام بنائے جائیں گے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles