
اسرائیل کے شمالی شہر حیفہ میں ایران کے میزائل حملے کے بعد بجلی کا نظام عارضی طور پر متاثر ہوگیا، جبکہ ایک آئل ریفائنری کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی حکام کے مطابق نقصان زیادہ نہیں ہوا اور بیشتر علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے، تاہم ایران نے مزید حملوں کی صورت میں سخت ردعمل کی وارننگ دے دی ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ انہوں نے حیفہ کے بجلی گھر کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی منقطع ہوگئی۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائی ایران کے گیس فیلڈ ”ساؤتھ پارس“ پر ہونے والے حملے کے جواب میں کی گئی۔
ایران کے وزیر خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایرانی بنیادی ڈھانچے پر دوبارہ حملہ کیا گیا تو ایران مزید تحمل کا مظاہرہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کا خاتمہ کسی بھی صورت میں ہو، شہری علاقوں میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ لازمی ہوگا۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر توانائی ایلی کوہن نے تصدیق کی ہے کہ حیفہ میں واقع تیل کی ریفائنری پر میزائل حملہ ہوا، جس میں ایک شخص زخمی ہوا۔ حملے میں بزان گروپ کی ریفائنری کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی وزارت توانائی کے مطابق حملے کے باعث بجلی کی فراہمی کچھ دیر کے لیے متاثر ہوئی، تاہم بیشتر متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شمالی علاقوں میں بجلی کے نظام کو پہنچنے والا نقصان محدود نوعیت کا ہے اور کسی بڑے انفراسٹرکچر کو شدید نقصان نہیں پہنچا۔
پولیس کے مطابق حیفہ کے مختلف مقامات پر جہاں میزائل یا ان کا ملبہ گرا، وہاں بم ڈسپوزل یونٹس تعینات کیے گئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ملی۔
اسرائیلی وزارت ماحولیات کا کہنا ہے کہ ایک ناکارہ بنائے گئے میزائل کا ملبہ حیفہ میں گرا، جسے ممکنہ خطرناک مواد کے طور پر جانچ کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔