متحدہ عرب امارات میں کھلے میدانوں میں نمازِ عید پر پابندی

متحدہ عرب امارات کی جنرل اتھارٹی برائے اسلامی امور نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال عیدالفطر کی نماز ملک بھر میں صرف مساجد کے اندر ادا کی جائے گی۔

اماراتی حکام کے مطابق یہ فیصلہ نمازیوں کی حفاظت اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، جس کے تحت اس سال روایتی طرز پر کھلے میدانوں کے بجائے صرف مخصوص مساجد میں نمازِ عید ادا کی جائے گی۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ اوقات کی پابندی کریں اور نماز کی ادائیگی کے لیے بروقت مساجد پہنچیں تاکہ انتظامات کو بہتر انداز میں برقرار رکھا جا سکے۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں عیدالفطر کی نماز کے اوقات کا بھی باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ حکام کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق ساتوں امارات میں نمازِ عید صبح سویرے ادا کی جائے گی۔

ابوظہبی میں عید الفطر کی نماز کے لیے صبح 6 بج کر 20 منٹ، دبئی میں 6 بج کر 18 منٹ، شارجہ اور عجمان میں 6 بج کر 16 منٹ کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح ام القوین اور رأس الخیمہ میں نمازِ عید 6 بج کر 12 منٹ جبکہ فجیرہ میں 6 بج کر 10 منٹ پر ادا کی جائے گی۔ جنرل اتھارٹی برائے اسلامی امور کے مطابق عید کی نماز صرف منظور شدہ مساجد میں ہی ادا کی جائے گی۔

متحدہ عرب امارات میں عیدالفطر کی ممکنہ تاریخ کے بارے میں فلکیاتی ماہرین نے پیش گوئی کی ہے رواں سال عید جمعہ 20 مارچ کو ہونے کی توقع ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ روایتی طور پر چاند نظر آنے کے بعد ہی کیا جائے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles