
چین نے ایران اور لبنان سمیت مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک کو ہنگامی انسانی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اقوامِ متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں سنگین انسانی بحران سے تقریباً 25 ملین افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لن جیان نے منگل کو پریس بریفنگ میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورت حال کے انسانی اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ نے خطے کے ممالک کو شدید انسانی مسائل سے دو چار کر دیا ہے۔ چین متاثرہ ممالک کے عوام کے ساتھ ہمدردی اور اظہار کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ انسانی بھائی چارے اور عالمی ہم آہنگی کے اصولوں کے حامی رہا ہے اور عالمی سطح پر امن، تنازعات کے خاتمے اور خطے میں استحکام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین نے ایران، اردن، لبنان اور عراق کو ہنگامی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مقامی لوگوں کی مشکلات میں کمی کی جا سکے۔
اس سے قبل اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) نے حال ہی میں خبردار کیا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں موجودہ بحران سنگین انسانی صورت حال کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس سے تقریباً 25 ملین لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں بے گناہ شہری ہلاک یا زخمی ہو رہے ہیں، جبکہ لبنان میں تقریباً 8 لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ اردن، عراق اور دیگر پڑوسی ممالک بھی بڑھتے ہوئے تنازع کے اثرات محسوس کر رہے ہیں۔
ترجمان چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق چین کا مقصد خطے میں انسانی بحران کی شدت کو کم کرنا اور مزید کشیدگی کو روکنا ہے تاکہ متاثرہ عوام کو فوری ریلیف اور مدد فراہم کی جا سکے۔