
اسرائیل کے وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے گزشتہ رات ایران پر فضائی حملوں میں سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی اور بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیل نے گزشتہ رات ایران پر کیے گئے فضائی حملوں میں اعلیٰ ایرانی سیکیورٹی عہدیدار علی لاریجانی کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ اسرائیلی فوج نے بھی حملے میں انہیں نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے۔
اسرائیل کے وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی گزشتہ رات ایک اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاک ہوگئے۔
اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے بھی ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں علی لاریجانی کو نشانہ بنایا گیا۔ جبکہ ایک علیحدہ کارروائی میں بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی بھی مارے گئے۔
علی لاریجانی ایران کی اعلیٰ قیادت میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔ امریکا و اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ کے دوران ملکی پالیسی کی تشکیل میں ان کا انتہائی اہم کردار ہے۔
واضح رہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیلی حملوں میں علی لاریجانی اور بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کے زخمی یا جاں بحق ہونے سے متعلق کوئی حتمی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔