
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے انٹرنیٹ پر گردش کرتی اپنی موت کی افواہوں کو ختم کرنے کے لیے مسلسل تیسری ویڈیو جاری کردی ہے۔ اس سے قبل ان کی جاری کردہ دو ویڈیوز پر انٹرنیٹ صارفین نے شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا اور انہیں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ قرار دیا تھا۔
پیر کے روز سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے آفیشل اکاؤنٹ سے ایک نئی ویڈیو جاری ہوئی ہے جس میں کسی ریسٹورنٹ نما جگہ پر عوام کے درمیان نظر آ رہے ہیں۔
اس ویڈیو کے ساتھ جس کے ساتھ لکھا عبرانی زبان میں درج ہے کہ ’ہم اصولوں پر قائم رہتے ہوئے فتح حاصل کرتے ہیں‘۔
یہ ویڈیو ان افواہوں کے بعد جاری کی گئی ہے جس میں ان کی ہلاکت کے دعوے کیے جارہے تھے۔
حالیہ ویڈیو میں نیتن یاہو کو عوامی مقامات پر چلتے پھرتے دکھایا گیا ہے اور یہ تاثر دیا گیا ہے کہ وہ اس جنگی صورت حال میں بھی عوام کے درمیان موجود ہیں۔
اس ویڈیو پر کچھ صارفین یہ سوال کرتے نظر آرہے ہیں کہ اس میں انگلیوں پر غور کرنا ہے یا ’کافی کے کپ پر؟
اس سے قبل بھی ان افواہوں کے خاتمے کے لیے ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پہلی ویڈیو شیئر کی گئی تو صارفین نے ان کی انگلیوں کی ساخت اور ہاتھوں کی حرکات کو مشکوک قرار دیتے ہوئے اسے اے آئی جنریٹڈ قرار دیا۔
جس کے بعد ان کے آفس کی جانب سے ایک اور ویڈیو ریلیز کی گئی جس میں وہ کافی کا کپ ہاتھ میں لیے نظر آئے تاہم اس ویڈیو پر بھی صارفین شکوک کا اظہار کرتے ہوئے نظر آئے۔
انٹرنیٹ صارفین نے دعویٰ کیا کہ ویڈیو میں کافی کا گھونٹ لینے کے باوجود کپ میں جھاگ اور کافی کم نہ ہونا، یہ سب کچھ ظاہر کرتا ہے کہ یہ ویڈیو بھی اے آئی سے تیار کردہ ہے۔
اسرائیلی حکومت کی جانب سے جاری کی گئی یہ تازہ ویڈیو ان ہی افواہوں کا تاثر زائل کرنے کی ایک کوشش ہے جس میں نیتن یاہو کی موت کے دعوے کیے جارہے ہیں۔
اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ نیتن یاہو بالکل ٹھیک ہیں۔