
وفاقی حکومت نے مٹی کے تیل کے بعد لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد دونوں مصنوعات کی قیمتیں نئی سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 67 روپے 51 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 302 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اس سے قبل جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 39 روپے 20 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 358 روپے 1 پیسہ فی لیٹر ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے مٹی کے تیل کی قیمت 318 روپے 81 پیسے فی لیٹر تھی۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں فی الحال برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ مزید احکامات تک ان دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت 321 روپے 17 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر کی سطح پر برقرار رہے گی۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافے کی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کی منظوری دی تھی۔ تاہم بعد ازاں جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے تحت مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔