محکمہ موسمیات نے بارش سے متعلق بڑی پیشگوئی کردی


محکمہ موسمیات نے 14 سے 16 مارچ کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ کل شام ملک کے شمال مغربی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، چترال، ایبٹ آباد، سوات، کوہستان، شانگلہ، پشاور، کرم، کوہاٹ، باجوڑ اورہری پورمیں بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ ژوب، بارکھان، چمن اورزیارت میں بھی مطلع ابر آلود رہنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور اٹک سمیت پنجاب میں بادل برسیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 17 مارچ کی رات ایک اور مغربی سلسلہ ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی 14 سے 16 مارچ کے دوران صوبے میں بارشوں کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش اور بعض مقامات پر گرج چمک کا امکان ہے جب کہ صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی پیشگی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ اور گجرات میں بھی بارش کا امکان ہے۔ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ اور ڈی جی خان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بارشوں کے باعث پنجاب کے بالائی علاقوں کے درجہ حرارت میں تین سے چار ڈگری تک کم ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بارش و طوفان کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے خدشے کے پیش نظر کھلے مقامات میں آنے سے گریز کریں اور کسان بھی موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles