ناروے کے دارالحکومت میں امریکی سفارت خانے کے باہر زور دار دھماکا

ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں امریکی سفارت خانے کے باہر زور دار دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں عمارت کے داخلی حصے کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ناروے کی پولیس نے بتایا ہے کہ دھماکا مقامی وقت کے مطابق اتوار کی رات تقریباً ایک بجے امریکی سفارت خانے کے احاطے کے قریب ہوا۔

اوسلو پولیس کے مطابق دھماکا سفارتخانے کے قونصلر سیکشن کے داخلی دروازے کے قریب ہوا جب کہ دھماکے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔

فرانسیسی میڈیا کے مطابق پولیس کمانڈر مائیکل ڈیلی مائر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ وہ ابھی دھماکے کی نوعیت یا تفصیلات پر تبصرہ نہیں کر سکتے تاہم ابتدائی معلومات کے مطابق یہ کسی شخص کی کارروائی لگتی ہے۔

واقعے کے عینی شاہد نوجوان کے مطابق وہ تین دوستوں کے ساتھ سفارت خانے کے قریب ٹیکسی کا انتظار کر رہے تھے، تین زوردار دھماکے ہوئے جس کی شدت اتنی تھی کہ زمین بھی ہل گئی۔

انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی وہ ٹیکسی میں بیٹھے اور وہاں سے گزرے تو دیکھا کہ سفارت خانے کے سامنے کی سڑک دھویں سے گھری ہوئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے لیے کتوں، ڈرونز اور ہیلی کاپٹرز کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ ممکنہ ملزمان کا پتہ لگایا جا سکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles