
اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں نے اسرائیل کے مرکزی ہوائی اڈے بن گورین ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا ہے تاہم اسرائیلی فوج کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعے کی صبح ایران کی جانب سے میزائل داغے جانے کے بعد تل ابیب اور اسرائیل کے دیگر علاقوں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جب کہ اسرائیلی فضائی دفاعی نظام ان میزائلوں کو فضا میں روکنے کی کوشش کر رہے تھے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے ایران سے اسرائیل کی جانب داغے گئے میزائلوں کی نشاندہی کی اور خطرے سے نمٹنے کے لیے فضائی دفاعی نظام متحرک کر دیے ہیں۔
دوسری جانب ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ جمعے کو تل ابیب کی جانب خیبر میزائل داغے گئے، جو آپریشن ”وعدہ صادق 4“ کی اکیسویں لہر کا حصہ ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے مزید کہا گیا کہ حملوں کی نئی لہر کا آغاز میزائل اور ڈرونز کے مشترکہ آپریشن سے کیا گیا، جس میں تل ابیب کے قلب میں واقع مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔