
ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے ایک اور بری خبر سامنے آگئی ہے، کراچی سمیت پورے ملک میں بجلی ایک روپے 63 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی مہنگی کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اضافہ جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق بجلی صارفین سے اضافی وصولیاں مارچ کے بلوں میں کی جائیں گی، جس سے گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔
اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا، تاہم لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اس فیصلے سے مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں۔
نیپرا نے جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے متعلق سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے گزشتہ روز جاری کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی بجلی 35 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے بعد حالیہ اضافے سے صارفین پر مجموعی بوجھ میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔