’پاکستان کے پاس 28 دن کا پیٹرول ذخیرہ‘، حکومت نے ہنگامی کمیٹی قائم کر دی


وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ملک میں ایندھن کے ذخائر کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس اس وقت پیٹرول اور ڈیزل کا اٹھائیس دن کا ذخیرہ موجود ہے جبکہ ایل این جی کے حوالے سے فی الحال کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔
وزیر خزانہ نے اسلام آباد میں سینیٹ کی خزانہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران بتایا کہ گزشتہ جمعہ سے خطے کی صورتحال میں تیزی سے تبدیلی آئی ہے جس کے اثرات توانائی کے شعبے پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسی کے پیش نظر وزیراعظم نے پیٹرولیم سے متعلق ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے جسے رئیل ٹائم میں فیصلے کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
ان کے مطابق کمیٹی کا اجلاس روزانہ کی بنیاد پر ہوگا تاکہ بدلتی ہوئی صورتحال کے مطابق فوری اقدامات کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ جب حالات گھنٹوں میں تبدیل ہو رہے ہوں تو بروقت فیصلہ سازی نہایت ضروری ہو جاتی ہے، اور نئی کمیٹی اسی مقصد کے لیے قائم کی گئی ہے۔
محمد اورنگزیب نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ اس وقت ملک کے پاس دس دن کا خام تیل بھی موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر قطر سے ایل این جی کا طے شدہ کارگو وقت پر آ گیا تو صورتحال مزید بہتر ہو جائے گی۔
انہوں نے یقین دلایا کہ فیول سپلائی کے حوالے سے پاکستان اس وقت ایک بہتر پوزیشن میں ہے اور فوری طور پر گھبرانے کی ضرورت نہیں۔
وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ اگر علاقائی تنازع طویل ہو جاتا ہے تو مزید منصوبہ بندی کرنا ہوگی اور توانائی کے استعمال میں بچت کی پالیسی اپنانا پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ بحران سے نکلنے کے لیے انرجی کنزرویشن کی جانب جانا ہوگا تاکہ درآمدی دباؤ کم کیا جا سکے۔
اجلاس کے دوران انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ اسٹیٹ بینک کی تعمیری بات چیت ہوئی ہے اور آئی ایم ایف سے ورچوئل مذاکرات جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت بدلتی ہوئی معاشی اور جغرافیائی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
کمیٹی کے اراکین کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کا مقصد ایندھن کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانا اور ممکنہ بحران سے بروقت نمٹنا ہے تاکہ عوام اور صنعتوں کو کسی بڑی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles