آپریشن غضب للحق: پاک فوج کی ننگر ہار میں فضائی کارروائی، خوگانی بیس تباہ


آپریشن غضب للحق کے تحت افغان طالبان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے افواج پاکستان کی زمینی اور فضائی مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افواج نے افغان صوبے ننگرہار میں کامیاب فضائی کارروائی میں خوگانی بیس تباہ کردیا جب کہ فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کو بلا اشتعال جارحیت کے بعد ہر محاذ پر بھرپور پسپائی کا سامنا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن غضب للحق تاحال جاری ہے اور اپنے اہداف حاصل ہونے تک جاری رہے گا جب کہ جلال آباد میں فضائی کارروائی میں ایمونیشن ڈیپو اور ڈرونز اسٹوریج کو تباہ کردیا گیا۔

افغان طالبان کی جارحیت کے جواب میں پاک افواج کی مؤثر اور تباہ کن جوابی حملوں میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کوبھاری نقصان کا سامنا ہے، سیکیورٹی فورسز افغان طالبان رجیم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پر عزم ہیں۔
خیال رہے کہ جمعرات 26 فروری کی رات پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بلا اشتعال جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج کا آپریشن غضب للحق جاری ہے۔
پاک فوج نے افغانستان کی حدود کے اندر مختلف مقامات پر جوابی کارروائیاں کیں اور کابل، قندھار اور پکتیا سمیت دیگر مقامات پر موجود عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا اور کئی چیک پوسٹیں تباہ کیں۔

گزشتہ روز وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بتایا تھا کہ آپریشن غضب للحق کے تحت افغان طالبان رجیم کے 435 کارندے ہلاک اور 630 سے زائد زخمی ہیں، اب تک 188 پوسٹیں تباہ اور 31 پر قبضہ کیا گیا، 188 ٹینک اور مسلح گاڑیاں تباہ کر دی گئیں، 51 مقامات پر فضائی کارروائیوں میں اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles