
ترجمان دفتر خارجہ نے مذاکرات کے ٹوٹنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایران پر حملوں اور برادر خلیجی ممالک کے خلاف کارروائیوں کی شدید مذمت کی اور سفارت کاری بحال کرنے پر زور دیا۔
پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی جنگی صورت حال اور مذاکراتی عمل کے ٹوٹنے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین سے تحمل اور سفارت کاری کی راہ اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ایران کے خلاف بلاجواز حملوں کی مذمت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب پرامن اور مذاکراتی حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری تھیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کی کارروائیاں پورے خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچائیں گی اور ان کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان برادر ممالک سعودی عرب، بحرین، اردن، کویت، قطر اور متحدہ عرب امارات کے خلاف ایران کے حملوں کی بھی شدید مذمت کرتا ہے اور ان ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
طاہر حسین اندرابی کا کہنا تھا کہ بلا اشتعال حملے برادر خلیجی ریاستوں کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات میں ہونے والے حملے کے دوران ایک پاکستانی شہری کی ہلاکت کی بھی مذمت کی اور متاثرہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ ایسے مزید اقدامات سے گریز کریں جن سے علاقائی سلامتی اور خودمختاری کو نقصان پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی پاسداری کی ضرورت پر زور دیتا ہے اور بحران کے پرامن و مذاکراتی حل کے لیے سفارت کاری کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتا ہے۔