
فرانس نے امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کے خدشات کو عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کا آغاز بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ کشیدگی پوری دنیا کے لیے خطرناک ہے اور اسے فوری طور پر رک جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت کو سمجھنا ہوگا کہ اس کے پاس اب مذاکرات کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا، وہ خلوصِ نیت کے ساتھ مذاکرات میں شامل ہو کر اپنے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرامز کے خاتمے کے لیے اقدامات کرے۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ فرانس اپنے یورپی شراکت داروں اور مشرقِ وسطیٰ میں اپنے دوست ممالک کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتا ہے۔