انڈونیشیا کی ایران اور امریکا کو ثالثی کی پیشکش

امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال کشیدہ ہوگئی ہے۔ انڈونیشیا نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے ثالثی کی پیشکش کردی ہے۔

انڈونیشیا کی وزارتِ خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی ناکامی پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے نتیجے میں مشرقِ وسطیٰ میں فوجی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق انڈونیشیا تمام فریقین سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور بات چیت اور سفارت کاری کو ترجیح دیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ کسی بھی ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام انتہائی ضروری ہے اور اختلافات کو پُرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔

انڈونیشیا نے ایران اور امریکا کو ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اگر دونوں فریقین رضامند ہوں تو انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو تہران جانے کو تیار ہیں۔

انڈونیشیا کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نہ صرف خطے کے استحکام بلکہ عالمی امن و سلامتی کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles