
افغانستان سے دہشت گردی اور بلا اشتعال جارحانہ حرکتوں کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے آپریشن غضب للحق آج بھی جاری ہے، پاک فضائیہ نے آج افغانستان کے صوبہ لغمان جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ ڈپو، اے بی ایف بٹالین ہیڈ کوارٹر اور ننگرہار بریگیڈ مکمل طورپر تباہ کردیا ہے۔
پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال جارحیت اور فائرنگ کے جواب میں افواجِ پاکستان نے ”آپریشن غضب للحق“ کے تحت انتہائی مؤثر اور منہ توڑ جوابی کارروائی کی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ نے افغانستان کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور طالبان کی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا جس میں دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کی کارروائی کے نتیجے میں افغانستان کے صوبہ لغمان میں افغان طالبان کا بڑا اسلحہ ڈپو، اے بی ایف بٹالین ہیڈکوارٹر اور ننگرہار بریگیڈ مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے ہیں، ان ٹھکانوں کو سرحدی جارحیت اور دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے سرحد کے مختلف مقامات پر پاکستانی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی، جس پر پاکستانی مسلح افواج نے فوری اور مربوط ردعمل دیا۔ زمینی سرحدوں پر جاری جھڑپوں کے ساتھ ساتھ فضائی کارروائیوں نے دشمن کی دفاعی لائن کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کررہی ہیں۔